Apr ۲۱, ۲۰۲۰ ۰۷:۴۲ Asia/Tehran
  • کویت، امریکہ کے نامناسب رویے کے خلاف ٹھوس موقف اختیار کرے: حسن روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اس بات پر زور دیا ہے کہ علاقے میں قیام امن کے لئے خطے کے ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون ناگزیر ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے پیر کے روز کویت کے امیر شیخ صباح الاحمد جابر الصباح کے ساتھ ایک ٹیلی فونک گفتگو میں دنیا اور خطے میں قیام امن و استحکام لانے سمیت کورونا کی روک تھام میں باہمی تعاون کے لئے آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دوست ملک کویت سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ علاقائی مسائل سمیت امریکہ کے نامناسب رویے کے خلاف  ٹھوس موقف اختیار کرے۔

صدر مملکت نے کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لئے خطے کے ممالک کے درمیان تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس حوالے سے اچھے تجربات کیے ہیں اور ان تجربات کو دوست ممالک بالخصوص کویت سے شئیر کرنے کو تیار ہیں۔

انہوں نے خطے میں استحکام لانے کے لئے امیر کویت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ علاقے میں قیام امن کے لئے خطے کے ممالک کے مابین تعاون اور دوستی ناگزیر ہے۔

اس ٹیلی فونی گفتگو میں امیر کویت نے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کے مقابلے میں ایران کے تعمیری موقف کو سراہتے ہوئے کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لئے ایرانی تجربات سے فائدہ اٹھانے کا خیر مقدم کیا اور  تمام شعبوں میں باہمی تعلقات کے فروغ پر زور دیا۔

شیخ صباح الاحمد جابر الصباح نے رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر ایرانی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کی ۔

ٹیگس