Apr ۲۲, ۲۰۲۰ ۰۹:۵۸ Asia/Tehran
  • تمام ممالک امریکہ کے مخاصمانہ اقدامات کے مقابلے میں واضح موقف اختیار کریں: حسن روحانی

ایران کے صدر نے کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لئے تمام ممالک کو ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے اور امریکہ کے مخاصمانہ اقدامات کے مقابلے میں واضح موقف اختیار کرنے کی ضرورت پر تاکید کی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے منگل کے روز امیر قطر شیخ تمیم حمد آل ثانی کے ساتھ  ہونے والی  ٹیلی فونی گفتگو کے دوران تمام ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ امریکہ کے مخاصمانہ اقدامات کے تعلق سے اپنا موقف واضح کریں۔

 حسن روحانی نے منگل کے روز قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی جس میں انہوں نے ایران کے خلاف جاری امریکی پابندیوں اور دباؤ کے تسلسل کو عالمی ضابطوں کے خلاف قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی حکام نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ذریعے ایران کو قرضہ دیئے جانے کی مخالفت کر کے انسانی ضابطوں کو پامال کیا ہے۔

صدرمملکت نے قطر کو اپنا دوست اور برادر ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کورونا کی روک تھام کے تعلق سے حاصل ہونے والے تجربات کو تمام ممالک خاص طور سے قطر کے ساتھ شیئرکرنے کو تیار ہے۔

انہوں نے ایران میں کورونا وائرس کے خلاف مقابلہ کرنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات بشمول بیماروں کےعلاج معالجے سمیت اقتصادی، سرکاری اور تعلیمی سرگرمیوں پر عمل کرنے سے متعلق اپنائی گئی پالیسیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس حوالے سے اپنے تجربات کو تمام ممالک بالخصوص دوست و بردار ملک قطر سے شیئر کرنے کے لئے تیار ہیں۔

صدرمملکت نے سعودی اتحاد کی جانب سے یمن پر حملوں، قتل عام اور تباہی کا سلسلہ جاری رکھنے پر افسوس کا اظہار کیا۔

امیر قطر شیخ تمیم بن حمد نے بھی اس گفتگو میں ایران کے خلاف عائد امریکی پابندیوں کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت دنیا کو غیر معمولی حالات کا سامنا ہے جس کے پیش نظر امریکہ کو پابندیوں کا سلسلہ ختم کر دینا چاہئے۔

صدر ایران نے اسی طرح یوگینڈا کے صدر یو ویری موسیوینی سے بھی ٹیلی پر گفتگو کی۔ اس گفتگو میں یوگینڈا کے صدر نے کہا کہ دنیا کے موجودہ حالات کے پیش نظر انسانی بنیادوں پر تعلقات استوار اور پر امن بقائے باہمی کو رائج کرنے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ایران نے امریکہ کے غیر قانونی اور غیر انسانی اقدامات کے خلاف اپنی سفارتی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں اور صدر ایران رواں ہفتے کے دوران روس، کویت اور اٹلی کے سربراہان مملکت سے بھی گفتگو کر چکے ہیں۔

ٹیگس