Apr ۲۳, ۲۰۲۰ ۲۲:۲۲ Asia/Tehran
  • خلا میں سیٹیلائٹ روانہ کرنا، اہم قدم ہے: صدر روحانی

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے سیٹیلائٹ بھیجنے پر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدردانی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیٹیلائٹ کو خلا میں بھیجنے کا سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کا تازہ قدم، ایک مبارک قدم ہے جو اس ادارے کی بیش قیمتی کوششوں کا نتیجہ ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے جمعرات کو اپنے بیان میں کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کا سیٹیلائٹ کو شعبان کے مہینے کے آخری دنوں میں خلا میں روانہ کرنا اور انہیں ایام میں پروڈکشن پروجیکٹ کے ثمرات سامنے آنا، سخت حالات میں پروڈکشن اور تعمیر کے شعبے میں جہاد کرنے والوں کی کوششوں کی علامت ہے۔

یاد رہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے کل بروز بدھ ملک کا پہلا دفاعی سیٹیلائٹ خلا میں روانہ کیا جو کامیابی کے ساتھ زمین کے مدار میں پہنچ گیا ہے۔ نور نامی دفاعی سیٹلائٹ کو خلا میں پہنچانے کے لیے دو مرحلے والے قاصد نامی راکٹ کا استعمال کیا گیا جس نے سیٹلائٹ کو چار سو پچیس کلومیٹر کی بلندی پر زمین کے مدار میں کامیابی کے ساتھ پہنچایا اور سیٹیلائٹ کے روانہ ہونے اور زمین کے مدار میں پہنچنے کے 90 منٹ بعد ہی اس سے زاہدان اور چابہار اسٹیشنوں سے سگنل ملنا شروع ہوگیا تھا۔ 

اس سے قبل سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل حسین سلامی نے کہا تھا کہ خلا میں سیٹیلائٹ کی کامیابی کے ساتھ تنصیب کے بعد ایران کی دفاعی طاقت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

ٹیگس