Apr ۲۴, ۲۰۲۰ ۰۸:۴۳ Asia/Tehran
  • امریکی فوجی، ایرانی ملاحوں کو اکسانے سے باز رہیں: جواد ظریف

ایران کے وزیر خارجہ نے خلیج فارس میں امریکی فوجیوں کی موجودگی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ جنوبی ایران کے ساحلی علاقے میں ہمارے ملاحوں کو اکسا رہے ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے امریکی حکام کی جانب سے ایران کے بحری جہازوں کی امریکہ کے جنگی بحری جہازوں سے قریب ہونے کی صورت میں ان پر حملہ کرنے کی دھمکیوں کے رد عمل میں ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ امریکہ کے 5 ہزار سے زائد فوجی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں اس لئے ٹرمپ کو چاہیے کہ علاقے میں دھمکی آمیز اقدامات کے بجائے ان فوجیوں کی  ضرورتوں کو پورا کرے۔

ایران کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ خلیج فارس کے سواحل میں امریکی فوجیوں کی موجودگی کی کوئی وجہ نہیں اور ان کا اپنے ملک سے 7 ہزارمیل کی دوری پر کوئی کام نہیں لیکن اس کے باوجود امریکی فوجیں خلیج فارس کے ہمارے اپنے علاقے میں ہمارے ملاحوں کو اکسا رہی ہیں۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز ایک ٹوئٹر پیغام میں خلیج فارس میں امریکی فوجیوں کی غیر قانونی موجودگی کو نظر انداز کرتے ہوئے امریکی بحریہ کو ہدایت کی  تھی کہ اگر ایرانی بحری جہاز امریکہ کے جنگی بحری جہازوں کے قریب آجائیں تو ان کو نشانہ بنائے۔

ٹیگس