ایران و افغانستان کے مابین سرحدی تعاون بڑھے گا
افغانستان کے امور میں ایران کی وزارت خارجہ کے نمائندے اور افغانستان کے صوبے نیمروز کے گورنر نے دو طرفہ سرحدی تعاون کو فروغ دیئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
افغانستان کے امور میں ایران کی وزارت خارجہ کے نمائندے محمد ابراہیم طاہریان نے جمعرات کو اپنے دورہ افغانستان میں صوبے نیمروز کے گورنر سید ولی سلطان سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں فریقین نے دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی تعاون کو فروغ دیئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔
افغانستان کے صوبے نیمروز کے گورنر سید ولی سلطان نے ایران کے مشرقی صوبوں کے ساتھ صوبے نیمروز کے خوشگوار تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے سرحدی لین دین کو دوگنا کئے جانے کی خواہش ظاہر کی۔
واضح رہے کہ افغانستان کے امور میں ایران کی وزارت خارجہ کے نمائندے محمد ابراہیم طاہریان اتوار کے روز افغانستان کے دورے پر گئے تھے جہاں انھوں نے مختلف افغان حکام سے صدارتی انتخابات کے بعد سیاسی بحران کے حل، امن کے عمل اور دو طرفہ تعلقات کے مزید فروغ کے علاوہ ہرات خواف ریلوے لائن کے بارے میں گفتگو کی۔