Apr ۲۹, ۲۰۲۰ ۱۳:۳۴ Asia/Tehran
  • امریکہ خلیج فارس کو خلیح نیویارک نہ سمجھے، صدر مملکت کا انتباہ

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے خلیج فارس کو ایرانی قوم سے مربوط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکیوں کو یہ جان لینا چاہئے کہ یہ خلیج فارس ہے کوئی خلیج نیویارک یا خلیج واشنگٹن نہیں۔

ایران میں 10 اردیبہشت یعنی 29 اپریل کو خلیج فارس کے قومی دن کے طور پر منایا جاتا ہے کہ جس دن سولہ سو بائیسعیسوی میں جنوبی ایران سے پرتگالی سامراج کو نکال باہر کر کے ایرانی سرحدوں سے اس کا خاتمہ کر دیا گیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کے روز اپنی کابینہ کے اجلاس میں خلیج فارس کے قومی دن کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ امریکیوں کو چاہئے کہ خلیج فارس کے نام اور اس قوم کو بغور سمجھیں جو ہزاروں سے سال سے اس خلیج کی حفاظت کرتی آ رہی ہے اور وہ ایرانیوں کے خلاف سازشیں رچنے سے باز آجائیں۔

صدر مملکت نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایرانی قوم نے ہمیشہ خلیج فارس کا کامیاب دفاع کیا ہے، کہا کہ ایران کی مسلح افواج ہمیشہ خلیج فارس کو تحفظ فراہم کرتی رہی ہیں۔

انھوں نے اسی طرح کورونا وائرس کے خلاف ملک میں اپنائی جانے والی تدابیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مختلف ملکوں کے اعلی حکام کے ساتھ ہونے والے ٹیلیفونی  رابطوں میں ان اعلی حکام نے اس بات کی قدردانی کی ہے کہ ایران نے کورونا وائرس کے مقابلے میں بہت اہم امور انجام دیئے ہیں اور کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایران کے خلاف عائد پابندیوں کے باوجود  تہران نے اپنے بل بوتے پر کورونا وائرس کے خلاف مہم میں اہم امور انجام دیئے ہیں  اور اس وقت ایران اس مقام پر پہنچ چکا ہے کہ وہ اینٹی باڈی شناخت کٹ برآمد کر سکتا ہے۔

انھوں نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہو‏ئے کہ کورونا وائرس کے خاتمے کے بارے میں ابھی کچھ بھی نہیں کہا جا سکتا، کہا کہ اسی بنا پر مختلف قسم کی سرگرمیاں جاری رکھتے ہوئے ہر طرح سے مکمل طور پر آمادہ رہنے کی ضرورت ہے اور ایران ہر طرح کی صورت کا سامنا کرنے کے لئے بھرپور طریقے سے آمادہ ہے۔

واضح رہے کہ انتیس اپریل سولہ سو بائیس کو ایرانی فوج نے آبنائے ہرمز اور خلیج فارس میں پرتگالیوں کو شکست دی اور ان کے 150 سالہ تسلط کو ختم کرکے انھیں اس خطے سے نکال باہر کر دیا جس کے بعد سے اس تاریخ کو ایران میں ہر سال خلیج فارس کے قومی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔

ٹیگس