Apr ۲۹, ۲۰۲۰ ۱۵:۳۵ Asia/Tehran
  • بحران کے حل کے لئے ایران کے وزیر خارجہ کی افغان حکام سے گفتگو

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ سے علیحدہ علیحدہ ٹیلی فونی گفتگو میں افغانستان کے تازہ ترین حالات پر تبادلہ خیال کیا۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق افغان صدر کے دفتر کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف اور اشرف غنی نے ٹیلی فونی گفتگو میں کورونا وائرس کی روک تھام اور ایران میں افغان مہاجرین کے مسائل کے بارے میں بھی صلاح و مشورہ کیا۔

ایران کے وزیر خارجہ نے اس گفتگو میں تمام افغان گروہوں کی شرکت سے انجام پانے والے امن مذاکرات کے عمل کی حمایت کا اعلان کیا۔ایران کے وزیر خارجہ نے عبداللہ عبداللہ سے بھی ٹیلی فونی گفتگو میں افغان امن اور اس ملک میں فوری جنگ بندی کے لئے علاقائی اتفاق رائے کی ضرورت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

جواد ظریف اور عبداللہ عبداللہ نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں کورونا وائرس کی روک تھام پر تاکید کی۔ ایران کے وزیر خارجہ نے ایک بار پھر افغان قومی آشتی کے عمل میں اسلامی جمہوریہ افغانستان کے آئین پر مبنی سیاسی ڈھانچے کو محور قرار دینے پر تاکید کی اور ایران کی جانب سے تمام افغان گروہوں کی شرکت سے امن کے عمل پر زور دیا۔

افغانستان کے صدارتی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ دونوں ہی خود کو انتخابی میدان کا فاتح قرار دے رہے ہیں جس کے باعث ملک میں سیاسی بحران کھڑا ہو گیا ہے۔

ٹیگس