May ۰۲, ۲۰۲۰ ۲۱:۳۸ Asia/Tehran
  • حوزہ علمیہ دنیا کے علمی مراکز اور مذہبی رہنماؤں کے ساتھ تعاون کو تیار ہے: آیت اللہ اعرافی

ایران کے حوزہ علمیہ کے منتظم اعلی نے دنیا بھر کے علمی اور دینی مراکز اور ہندوستان سمیت ساری دنیا کے مذہبی رہنماؤں کے ساتھ تعاون کے لیے آمادگی کا اعلان کیا ہے۔

ایران کے حوزات علمیہ کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے ہندوستان کے مذہبی رہنماؤں کے نام ایک خط میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ کورونا وائرس اور عصر حاضر کے دیگر چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے عالمی ہم آہنگی اور تعاون کے ذریعے بعض تسلط پسند ملکوں کی غیر ذمہ دارانہ پالیسیوں اور یکطرفہ اقدامات کا مقابلہ کیے جانے پر زور دیا ہے۔
انہوں نے اپنے خط میں ناانصافیوں، امتیازی سلوک، غیر انسانی پابندیوں، جنگ، دہشت گردی اور عام تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی تیاری اور نگہداشت جیسے مسائل کو عصر حاضر کے لئے اہم ترین چیلنج قرار دیا ہے۔
آیت اللہ اعرافی کے خط میں آیا ہے کہ اس قسم کے بحرانوں کی صحیح اور سائنٹفک تشریح اور ان سے نمٹنے کی طریقہ کار کی وضاحت نیز دین و سائنس کے درمیان غیر حقیقی پولارائزیشن سے گریز دنیا بھر کے دانشوروں اور حکام کی ذمہ داری ہے جبکہ اس حوالے سے مذہبی رہنماؤں کی ذمہ داریاں دوگنا زیادہ ہیں۔
ایران کے حوزہ علمیہ کے منتظم اعلی نے کورونا متاثرین اور اس بیماری سے مرنے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستان سمیت ساری دنیا کے لیے ہر قسم کی بلاؤں اور مصیبتوں سے دور رہنے کی امید ظاہر کی ہے۔
اس سے پہلے ایران کے حوزہ علمیہ کے منتظم اعلی آیت اللہ اعرافی نے کیتھولک عیسائیوں کے عالمی رہنما پاپ فرانسس، اسلامی ملکوں کے تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی ادارے آئی سسکو کے سربراہ سالم بن محمد المالک، شیخ الاظہر، شیخ احمد الطیب اور یونیسکو کی سربراہ محترمہ ایڈرے ایذولے کے نام لکھے گئے خطوط میں باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا تھا۔

 

ٹیگس