May ۰۴, ۲۰۲۰ ۲۲:۳۴ Asia/Tehran
  • ناوابستہ تحریک کا سربراہی اجلاس، امریکی دہشت گردی کی مذمت

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ناوابستہ تحریک کے رکن ملکوں کے سربراہوں کے ورچوول اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ دنیا کو کافی بڑے خطرات کا سامنا ہے اس لئے باہمی تعاون سے ان خطرات کا مقابلہ کئے جانے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے جمہوریہ آذربائیجان کی میزبانی میں ناوابستہ تحریک کے رابطہ گروپ کے سربراہی اجلاس کو ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔ ڈاکٹر روحانی نے اپنے خطاب میں ایران مخالف امریکہ کے غیر انسانی اقدامات کی مذمت کی اور کہا کہ اب فوجی و اقتصادی دہشت گردی اور دھونس دھمکی کے ذریعے قوموں پر دباؤ ڈالنے کے بجائے حقیقی اور مشترکہ خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے دو طرفہ اور کثیر فریقی تعاون کا وقت آن پہنچا ہے۔

صدر روحانی نے کہا کہ ایران مخالف امریکہ کے غیر انسانی اقدامات اور اقتصادی دہشت گردی کے نتیجے میں بہت سے مسائل پیدا ہوئے ہیں جن میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے  طبی وسائل کی تیاری میں پیدا ہونے والی مشکلات بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا نے اپنی خود سرانہ اور غیر قانونی پابندیوں سے ایرانی عوام کو ان کے حقوق سے محروم کر رکھا ہے اور اس کا یہ اقدام بین الاقوامی تعاون کے لئے بڑا خطرہ ہے۔

صدر روحانی نے عالمی ادارہ صحت کو کمزور کرنے کی کوشش کو، کورونا وائرس کے مقابلے میں مشترکہ عالمی مہم کو کمزور بنانے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی پوری ذمہ داری امریکی حکومت پر عائد ہوتی ہے جس نے اس عالمی ادارے کی مالی مدد تک روک دی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ایران نے کورونا ویکسین تیار کرنے کے لئے دنیا کے تمام ملکوں کے ساتھ تعاون سے متعلق اپنی آمادگی کا اعلان کیا ہے اور وہ ہر ملک کی جانب سے تعاون کی خواہش کا خیر مقدم کرتا ہے۔

 قابل ذکر ہے کہ آذربائیجان کی میزبانی میں تشکیل پانے والے اس آن لائن اجلاس میں، دنیا کے چالیس ممالک کے نمائندے منجملہ انّیس ملکوں کے صدور، ایک نائـب صدر، ایک نائـب وزیر اعظم، آٹھ وزرائے خارجہ اور ایک وزیر داخلہ شریک ہوئے۔

ٹیگس