May ۱۱, ۲۰۲۰ ۱۰:۰۶ Asia/Tehran
  • ایک سرکش ہی عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر خوش ہوتا ہے: ایران

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اتوار کی شب امریکی وزیر خارجہ کی جانب سے جوہری معاہدے سے نکلنے کے دعوے پر رد عمل دکھاتے ہوئے کہا کہ صرف ایک سرکش حکومت ہی عالمی قوانین کو پاؤں تلے روند کر خوشی محسوس کر سکتی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے اپنے ٹوئیٹ میں لکھا کہ صرف ایک سرکش، غیر ذمہ دار اور اخلاقی اصولوں سے عاری حکومت ہی عالمی قوانین کو پاوں تلے روند کر خوشی محسوس کرسکتی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ واشنگٹن نے 8 مئی کو یکطرفہ طور پر جوہری معاہدے سے نکل کر رہتی دنیا تک امریکہ کیلئے بدنامی اور رسوائی کا سامان فراہم کیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائک پومپئو نے ہفتے کی رات ایران کے خلاف امریکی حکام کے بے بنیاد دعووں کی تکرار کرتے ہوئے کہا کہ جوہری معاہدے سے واشنگٹن کے نکلنے کے بعد دنیا پر امن ہو گئی ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے 8 مئی 2018 کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یکطرفہ طور پر جوہری معاہدے سے نکلنے کے بعد ایران کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا۔

ٹرمپ کے اس اقدام کی علاقائی اورعالمی سطح پر سخت مذمت کی گئی۔

ٹیگس