مقبوضہ فلسطین: مشرقی بیت المقدس میں صیہونی کالونی کی تعمیر کو منظوری
صیہونی حکومت نے مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی حصے میں مزید کئی ہزار نئے رہائشی مکانات کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطینی خبر رساں ایجنسی "صفا" کے مطابق، صیہونی حکومت کے وزیر خزانہ بزالل اسموتریچ نے اعلان کیا کہ یہ نئی بستی مستقبل میں دسیوں ہزار رہائشی یونٹس پر مشتمل ہوگی اور مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی حلقے کو مضبوط بنانے میں مدد کرے گی۔
صیہونی حکومت کے ٹیلی ویژن چینل سیون کا کہنا ہے کہ اس نئی بستی کا قیام عملی طور پر ایک فلسطینی ریاست کے قیام کو روک دے گا اور جنوبی مغربی کنارے کو اس کے مرکز سے جدا کر دے گا۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب صیہونی حکومت کی سلامتی کابینہ نے ایک ہفتے قبل مغربی کنارے میں انیس صیہونی بستیوں کے قیام کے منصوبے کی بھی منظوری دی تھی۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
اس درمیان فلسطینی پارلیمنٹ کے اسپیکر روجی فتوح نے صیہونی حکومت کے اس اقدام کو انتہائی خطرناک اور بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔ فلسطینی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے مزید کہا کہ یہ بتدریج نسلی تطہیر کی ایک نئی شکل ہے، جس کا مقصد فلسطینی قومی شناخت کو مٹانا اور اس کی آبادیاتی ساخت کو تبدیل کرنا ہے، اور یہ ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے کسی بھی امکان کو ختم کر دے گا۔