May ۱۳, ۲۰۲۰ ۱۹:۳۰ Asia/Tehran
  • ایران نے کابل دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی

اسلامی جمہوریہ ایران نے افغانستان میں تازہ دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام متخاصم فریق ماہ رمضان کی حرمت کا خیال رکھتے ہوئے، پائیدار امن کی راہ ہموار کریں۔

وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے کابل کے ایک اسپتال اور ننگرہار میں جلوس جنازہ پر دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے افغانستان کی بدامنی میں اضافے پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے افغاستان کی حکومت اور عوام نیز خاص طور سے حالیہ واقعات میں مارے جانے والوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان وزارت خارجہ نے افغانستان جھڑپوں میں الجھے تمام فریقوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ماہ مبارک رمضان کی حرمت کا خیال رکھتے ہوئے ہر قسم کی حملوں سے گریز اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کا راستہ ہموار کریں۔

قابل ذکر ہے کہ منگل کے روز دہشت گرد گروہ داعش نے مغربی کابل میں واقع ایک اسپتال پر حملہ کیا تھا جس میں عورتوں اور نوزائیدہ بچوں سمیت چوبیس عام شہری جاں بحق اور سولہ زخمی ہوگئے تھے۔

دہشت گردوں نے ایک اور کارروائی میں صوبہ ننگرہار میں ایک جلوسِ جنازہ پر بھی حملہ کیا تھا جس میں دسیوں افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے تھے۔  

ٹیگس