قرارداد 2231 میں شراکت دار ہونے کا امریکی دعوی بے بنیاد ہے: ایران
ایران کے وزیر خارجہ نے آج رات ایران کے خلاف اقوام متحدہ کی پابندیوں کی مدت بڑھانے کیلئے امریکہ کی کوششوں پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد میں امریکہ کی شراکت داری ختم ہوگئی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے آج بروز جمعرات ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2231 میں شراکت دار ہونے کا دعوی کرنے والوں نے اس سے بہت پہلے اپنی شراکت ختم کردی تھی۔
انہوں نے امریکی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہی لوگ جنہوں نے جسم سے کورونا وائرس کو پاک کرنے کیلئے جراثیم کشی کے انجیکشن لگانے سے متعلق خیالی تصور کیا تھا وہ ایک معاہدے کی منظوری کیلئے سلامتی کونسل کی قرارداد میں شراکت دار ہونے کا دعوی کرتے ہیں تاہم ان کے بقول انھوں نے اپنی شراکت داری بہت پہلے ختم کردی ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ امریکی وزیر خارجہ نے حالیہ دنوں کے دوران، اس بات کا دعوی کیا تھا کہ امریکہ قرارداد نمبر 2231 میں شرکت دار ہے اور اس کی شق نمبر 11 کے مطابق، اس نے ایران پر اسلحے کی پابندی میں توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے 2018ء میں جوہری معاہدے سے علیحدہ ہوکر ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کر دی تھیں۔