May ۱۸, ۲۰۲۰ ۲۰:۱۹ Asia/Tehran
  • خطے میں بیرونی مداخلت کے خاتمے پر ایران و عراق کی تاکید

صدر ایران ڈاکٹر روحانی نے پڑوسی ملک عراق میں سیاسی استحکام کی جانب پیشرفت پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

اپنے عراقی ہم منصب برہم صالح سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے صدر ایران حسن روحانی کا کہنا تھا کہ عراق کا سیاسی استحکام خطے کے لیے انتہائی اہم ہے اور یہ پیشرفت خطے میں عراق کے دیرینہ  کردار کی بحالی میں مدد گار ثابت ہوگی۔

 صدر حسن روحانی نے عراقی صدر کو عید الفطر کی پیشگی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بغداد کے ساتھ تعلقات کا فروغ اور باہمی تعاون کو مضبوط بنانا اسلامی جمہوریہ ایران کی اصولی پالیسی کا حصہ ہے۔

 ڈاکٹر روحانی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ماضی کی طرح عراقی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور آئندہ بھی کھڑا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران، عراق کے اقتدار اعلی کا تحفظ اور اس ملک کے اندرونی معاملات میں بیرونی طاقتوں کی مداخلت کا خاتمہ چاہتا ہے۔

صدر روحانی کا کہنا تھا کہ ایران اور عراق کے عوام اور حکومتوں کے درمیان تعاون کو مضبوبنا کر درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔

 عراق کے صدر برھم صالح نے بھی اس موقع پر صدر ایران کو عید فطر کی پیشگی مبارک باد پیش کرتے ہوئے بغداد تہران تعلقات کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں باہمی تعاون اور تعلقات کو پائیدار بنانے کا عزم پایا جاتا ہے۔

 عراق کے صدر نے خطے میں بیرونی طاقتوں کی مداخلت اور تخریب کارانہ کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مغربی ایشیا کسی نئے بحران کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں خطے میں بیرونی طاقتوں کی مداخلت کا خاتمہ ضروری ہے۔

ٹیگس