May ۱۹, ۲۰۲۰ ۲۲:۰۴ Asia/Tehran
  • انسداد کورونا کے تمام طبی آلات و وسائل کی ایران میں تیاری

سائنس و ٹیکنالوی کے امور میں صدر ایران کے سیکریٹری نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کے مقابلے سے متعلق تمام طبی وسائل و آلات ایران میں تیار کئے جا رہے ہیں۔

سورنا ستاری نے کہا ہے کہ انسداد کورونا میں بروئے کار لائے جانے والے تمام طبی وسائل جن میں آئی سی یو وارڈ کے آلات و وسائل بھی شامل ہیں، سب ایران کی نالج بیسڈ کمپنیوں کی کوششوں سے تیار کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسداد کورونا میں استعمال ہونے والا کوئی بھی سامان باہر سے درآمد نہیں کیا جا رہا ہے۔

سورنا ستاری نے ایران کی تیار کردہ کورونا ٹیسٹ کٹس کی برآمدات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کورونا ٹیسٹ کٹس سے متعلق ملک کی ضروریات کو پورا کرنے کے علاوہ انہیں بیرونی ملکوں کو برآمد بھی کیا جا رہا ہے اور اب تک آٹھ کمپنیوں کو برآمد کرنے کا جواز فراہم کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں سیرولوجی کٹس دس لاکھ یومیہ اور پی سی آر تشخیص کی کٹس پندرہ لاکھ ماہانہ تیار کئے جانے کی توانائی موجود ہے جن میں سے ضرورت کے مطابق ایران کی وزارت صحت اور دیگر طبی مراکز کو فراہم کی جاتی ہیں اور کچھ بیرون ملک برآمد کی جا رہی ہیں۔

سورنا ستاری نے ایران کی نالج بیسڈ کمپنیوں کی مناسب کارکردگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ان کمپنیوں کی جانب سے مختلف قسم کی دوائیں، ویکسین اور مختلف طبی آلات و وسائل تیار کئے جانے کے منصوبوں پر عمل کیا جا رہا ہے۔

ٹیگس