May ۳۱, ۲۰۲۰ ۰۸:۵۱ Asia/Tehran
  • مسلمانوں کے مقدس مکانات کی تباہی، عالمی صیہونیزم اور اسلام دشمنوں کی سازش

پاکستان میں قائم اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے نے کہا ہے کہ مسلمانوں کے مقدس مقامات کی بے حرمتی ایک گھناؤنا جرم ہے جس کی اسلام دشمن عناصر بالخصوص صہیونیزم کی جانب سے منصوبہ بندی کی گئی ہے اور اس کا مقصد اسلامی فرقوں کے پیروکاروں کے درمیان افراتفری پیدا کرنا ہے اس لئے سب کو ہوشیار اور چوکس رہنا چاہئیے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے نے شام میں سنی مسلمانوں کے مقدس مکانات کی تباہی اور اس میں  اسلامی جمہوریہ ایران کو ملوث کرنے سے متعلق شائع اور نشر شدہ من گھرٹ خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔

پاکستان میں قائم اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے کے بیان میں آیا ہے کہ بلاشبہ اس طرح کی جعلی خبروں کی اشاعت، اسلامی مسالک کے پیروکاروں میں تفرقہ ڈالنے، عوامی جذبات کو اکسانے اور مسلمانوں کے جذبات کو نقصان پہنچانے کی ایک کوشش ہے اور یہ صرف عالمی صہیونیزم اور اسلام دشمنوں کے مفادات کے حصول کیلئے ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مقدس مکانات کو تخریب کرنے اور مسلم برادری سے تعلق رکھنے والے مقبروں کی بے حرمتی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے اور اس طرح کے واقعات میں ملوث افراد یقینا الہامی مذاہب کو نہیں سمجھتے ہیں اور ان کو اللہ رب العزت کے سامنے جوابدہ ہونا ہوگا۔

بیان میں صحافیوں اور میڈیا  سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داری پر عمل کرتے ہوئے کسی بھی طرح کی افواہوں اور من گھرٹ خبروں کی اشاعت سے اجتناب کرے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ تکفیری دہشتگرد گروہ نے جب شام اور عراق میں اپنی کارروائیاں شروع کیں تو ان کا ایک اہم مشن اور ہدف تاریخی اور مذہبی مقامات کو تباہ اور ویران کرنا خاص طور سے حضرت محمد مصطفی (ص) کے اصحاب و انصار اور مسلمانوں کی اہم شخصیات کی توہین کرنا تھا۔

ٹیگس