Jun ۰۹, ۲۰۲۰ ۰۸:۳۳ Asia/Tehran
  • مذاکرات کے لئے امریکی پیشکش دکھاوا ہے: ایران

ایران کی حکومت کے ترجمان نے امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے ایران کو معاہدے اور مذاکرات کی پیشکش پر کہا کہ یہ سب کچھ دکھاوا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت کے ترجمان علی ربیعی نے صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ جانتا ہے کہ ایران کے ساتھ سازگار حالات اور کامیاب سفارت کاری کے حصول کے لئے کیا کرنے کی ضرورت ہے۔

ایران کی حکومت کے ترجمان نے امریکہ کی جانب سے مذاکرات کی تجویز پر ایران کے موقف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ اپنے قومی مفادات کے مطابق فیصلہ کرتا ہے اور امریکی صدارتی انتخابات سے ہمیں کوئی سروکار نہیں ہے، ہم ملک کے اندرونی معاملات پر توجہ دیتے ہیں۔

علی ربیعی نے اس بات پر زور دیا کہ امریکی صدر کے بیانات میں سنجیدگی نہیں  ہے، جیسا کہ ہم نے بار بار کہا ہے کہ اگر امریکہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں دلچسپی رکھتا ہے تو اسے چاہئیے کہ مذاکراتی میز پر واپس آ جائے۔

ایرانی حکومت کے ترجمان نے مذاکرات کے لئے ٹرمپ کی دعوت اور معاہدے کو ایک سیاسی حربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ بخوبی جانتا ہے کہ اطمینان بخش صورتحال اور ایران کے ساتھ کسی بھی کامیاب سفارت کاری کے حصول کے لئے انہیں کیا کرنا چاہئے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ مذاکرات کی تجویز پیش کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین قیدیوں کے تبادلے کو ایک اہم قدم قراردیا۔

ٹیگس