Jun ۱۱, ۲۰۲۰ ۲۳:۳۰ Asia/Tehran
  • ایران اور افغانستان کے روابط کو خراب کرنے کی کوششیں

ایران میں مقیم افغانستان کی اعلی سیاسی ، ثقافتی اور سماجی شخصیات نے مغربی ذرائع ابلاغ میں ایران اور افغانستان کے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات سے متعلق شائع اور نشر ہونے والے بیانات کو دونوں ممالک کے تعلقات کو خراب کرنے کی استکباری ممالک کی سازش قراردیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران میں مقیم افغان مہاجرین کی سیاسی، ثقافتی اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے مشہد مقدس میں ایک اجلاس میں ایران اور افغانستان کے دوستانہ تعلقات کا جائزہ لیا ۔ اس اجلاس میں افغانستان کی نمائندہ شخصیات نے ایران اور افغانستان کے برادرانہ تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے سخت اور مشکل حالات میں ہمیشہ افغان عوام کی بھر پور حمایت کی جبکہ مغربی ممالک نے افغانستان کے عوام کے لئے ہمیشہ مشکلات اور مسائل پیدا کئے ۔

افغانستان کی سیاسی، سماجی اور ثقافتی تنظیموں  کے نمائندوں نے کہا کہ ایران اور افغانستان کے عوام دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔

یاد رہے کہ حال ہی میں سوشل میڈیا پر نامعلوم افراد کے ذریعے بنائی گئی ایک ویڈیوکلپ وائرل ہوئی تھی جس میں دکھایا گیا تھا کہ ایران کی سرحدی فورسز کے اہلکار افغان باشندوں کو ڈبونے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم ایران کی پولیس نے تحقیقات کے بعد اس قسم کی رپورٹوں اور سوشل میڈیا پر چلنے والی ویڈیو کلپ کو مسترد کر دیا۔

واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور افغانستان کے درمیان اچھے تعلقات قائم ہیں اور ایرانی سرحدی اہلکار، سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے قانونی آمد و رفت کیلئے داخلی اور خارجی راستوں میں افغان بھائیوں کو سہولیات فراہم کرتے ہیں۔

ٹیگس