عالمی تنظیموں کی بجٹ کٹوتی پر ایران کا اظہار تشویش
ویانا کی بین الاقوامی تنظیموں میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب نے امریکہ کی یکطرفہ پابندیوں اور اسکی جانب سے عالمی تنظیموں کی بجٹ کٹوتی پر اپنے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں اسکے تباہ کن نتائج پر خبردار کیا۔
ویانا کی بین الاقوامی تنظیموں میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب کاظم غریب آبادی نے اقوام متحدہ کی صنعتی ترقیاتی تنظیم (یو این آئی ڈی او) کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جامع ، پائیدار اور لچکدار اقتصادی پالیسی کے حصول کے لئے اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔
کاظم غریب آبادی نے کہا کہ آزاد اور خود مختار ممالک کے خلاف امریکہ کی یکطرفہ اقتصادی پابندیوں اور بین الاقوامی تنظیموں کی بجٹ کٹوتی سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے نمٹنے کے لئے قومی، علاقائی اور بین الاقوامی صلاحیتیں متأثر ہوتی ہیں۔
انہوں نے اس قسم کے اقدامات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے فیصلوں کی عالمی سطح پر مذمت کی جانی چاہئے اس لئے کہ اس کے انسانیت اور دنیا پر منفی اثرات پڑتے ہیں۔