Jun ۲۲, ۲۰۲۰ ۱۸:۲۵ Asia/Tehran
  • ایران کا چھٹا بحری جہاز غذا و دوا لیکر ونیزویلا پہنچ گیا

امریکی پابندیوں کے شکار ملک ونیزویلا کے لیے غذائی اشیا اور دوائیں لیکر جانے والا ایرانی بحری جہاز لاگاریا کی بندرگاہ کے قریب پہنچ گیا ہے۔

وینیزویلا میں ایران کے سفیر حجت اللہ سلطانی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ غذائی اشیا اور کورونا وائرس کے مقابلے کے لیے لازمی آلات اور دوائیں لے کر جانے والا بحری جہاز ونیزویلا کی حدود میں داخل ہو گیا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے لہراتے پرچم کے ساتھ ونیزویلا جانے والا بحری جہاز پندرہ مئی کو جنوبی ایران کی بندرگاہ، شہید رجائی سے روانہ ہوا تھا۔

ایران نے اس سے پہلے پانچ تیل بردار بحری جہاز بھی وینی ویلا روانہ کیے تھے جو اپنا مشن مکمل کرکے ایران واپس پہنچ گئے ہیں۔ ایران کی جانب سے تیل کی ترسیل کے بعد حکومت وینیزویلا نے ملک بھر میں ایندھن کی سپلائی کا پھر سے آغاز کر دیا ہے۔

وینیزویلا کے صدر نکولس مادورو نے تیل کی سپلائی پر ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عنقریب تہران آنے کا اعلان کیا ہے۔ وینیزویلا کے صدر کے دورہ ایران کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان توانائی، زراعت، ٹیکنالوجی اور صحت کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کی راہوں کا جائزہ لیا جائے گا۔

ٹیگس