ایران اور افغانستان کے درمیان مشترکہ سرحدوں کو کنٹرول کرنے پر تاکید
ایران کے وزیر خارجہ اور افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ نے ایک مشترکہ بیان میں غیرقانونی رفت و آمد اور انسانوں کی اسمگلنگ روکنے کے لئے بارڈر سیکورٹی فورسز اور سیکورٹی کمیٹیوں کے توسط سے لازمی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف اور افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ محمد حنیف اتمر نے اپنے مشترکہ بیان میں جامع تعاون کی آٹھ دستاویزات کے قالب میں ، افغان شہریوں کی سکونت کو قانونی بنانے ، کام ، پانی اور سرحدی امور سے متعلق امور نیز ثقافت، انرجی اور صحت سے متعلق مسائل میں تعاون کے بارے میں باہمی صلاح و مشورے کے نتائج کا اعلان کیا۔اس مشترکہ بیان کی بنیاد پر فریقین نے آئندہ تین مہینے کے اندر دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹیجک تعاون کی جامع دستاویز کو حتمی شکل دینے کے لئے مذاکرات جاری رکھنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
ایران اور افغانستان کے حکام نے طے کیا کہ افغان گروہوں کے درمیان مذاکرات کے عمل کو آسان بنانے کے لئے ایران کے وسائل سے فائدہ اٹھایا جائے ، انسانی حقوق و غیرملکیوں کے حقوق کی حمایت کی جائے ، مشترکہ گذرگاہوں سے سامان ، گاڑیوں اور غیرملکیوں کی رفت و آمد کو آسان بنایا جائے اور ایران میں افغان محنت کشوں کی قانونی موجودگی کو منظم کیا جائے ۔اسلامی جمہوریہ ایران اور افغانستان کے حکام نے باہمی مذاکرات کے دوران ، تجارتی تعاون کے اہم مرکز کی حیثیت سے چابہار بندرگاہ کے کردار اور صحافت ، ثقافت نیز انرجی کے میدان میں تعاون کو جاری رکھنے پر بھی تاکید کی۔
ایران کے دورے پر آنے والے افغان وفد نے غیرقانونی طور پر ایران میں داخل ہونے والے کچھ افغان شہریوں کو پیش آنے والے سانحے کے مختلف پہلؤوں کے واضح ہونے کے سلسلے میں ایران اور افغانستان کی حکومت کے درمیان تعاون جاری رہنے اور اس طرح کا سانحہ دوبارہ پیش آنے سے روکنے کے لئے ضروری تدابیر اختار کئے جانے، دونوں ملکوں کی بارڈر سیکورٹی فورس اور اہلکاروں کی گہری نگرانی اور سخت کنٹرول کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال اور اتفاق کیا ۔افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ محمد حنیف اتمر ایرانی حکام سے ملاقات و گفتگو کے لئے اتوار کو پینتالیس رکنی وفد کے ہمراہ تہران پہنچے تھے۔تہران میں افغانستان کے اعلی سطحی وفد نے ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف کے علاوہ اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری ، وزیرداخلہ اور وزیر توانائی سمیت مختلف ایرانی حکام سے ملاقات کر کے مختلف میدانوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے بارے میں گفتگو کی ۔