Jul ۰۲, ۲۰۲۰ ۲۲:۲۷ Asia/Tehran
  • نطنز کے ایٹمی پلانٹ میں حادثہ، تحقیقات جاری

ایران کے ایٹمی توانائي کے ادارے کے ترجمان نے کہا ہے کہ نطنز میں یورینیم کی افزودگي کے پلانٹ میں ہونے والے حادثے کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔

بہروز کمالوندی نے جمعرات کو بتایا کہ ماہرین کی ٹیم نطنز کے ایٹمی پلانٹ میں یورینیم کی افزودگي کی تنصیبات کے قریب رونما ہونے والے حادثے کی تحقیقات کر رہی ہیں اور اس حادثے میں کسی طرح کا کوئي جانی نقصان نہیں ہوا ہے اور پلانٹ کے کام میں بھی کوئي رکاوٹ نہیں آئي ہے۔ انھوں نے بتایا کہ یہ حادثہ پلانٹ کے قریب ایک زیر تعمیر شیڈ میں ہوا ہے جو ابھی پلانٹ کا حصہ نہیں بنا تھا۔ انھوں نے اسی طرح بتایا کہ یہ شیڈ ریڈیو ایکٹیو مواد کے لحاظ سے بھی غیر فعال تھا۔

کمالوندی کا کہنا تھا کہ حادثے کی وجہ سے مالی نقصان تو ہوا ہے لیکن کوئي جانی نقصان نہیں ہوا اور حادثے کے وقت وہاں کوئي بھی موجود نہیں تھا۔ ایران کے ایٹمی توانائي کے ادارے کے ترجمان نے بتایا کہ جمعرات کی صبح نطنز پلانٹ کے احاطے میں واقع ایک شیڈ میں یہ حادثہ پیش آيا جو کہ معمولی نوعیت کا تھا لیکن دشمن میڈیا اسے بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ایٹمی توانائي کی عالمی ایجنسی آئي اے ای اے نے بھی جمعرات کو ایک بیان جاری کر کے کہا ہے کہ اسے نطنز میں یورینیم کی افزودگي کے پلانٹ کے قریب زیر تعمیر ایک شیڈ میں حادثے کی خبر ملی ہے اور امید ہے اس سے آئي اے ای اے کے سیف گارڈ سسٹم کے معائنے کے کام پر کوئي اثر نہیں پڑے گا۔

ٹیگس