ایران نے پڑوسی ممالک کے ساتھ سرحدی لین دین بحال کیا
ایران کے محکمہ کسٹم کے ترجمان نے پاکستان کے ساتھ تجارتی سرحدیں دوبارہ کھولے جانے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں ایران کے محکمہ کسٹم کے ترجمان روح اللہ لطفی کا کہنا تھا کہ پیر سے ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان کے تین سرحدی بازاروں ریمدان، کوھک اور پیشن کو مکمل طور پر کھول دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا مذکورہ سرحدی بازاروں سے پاکستان کے ساتھ تجارت پوری طرح بحال ہو گئی ہے تاہم مسافروں کی آمد و رفت پر پابندی بدستور برقرار رہے گی۔
ایران کے محکمہ کسٹم کے ترجمان کے مطابق ایران افغان سرحد سے تجارت اور مسافروں کی آمد و رفت کا سلسلہ پہلے ہی بحال کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور ترکمانستان کے درمیان بھی ریلوے سروس بحال کر دی گئی ہے اور روزانہ نوے بوگیاں ایرانی سامان لے کر ترکمانستان میں داخل ہو رہی ہیں۔
روح اللہ لطفی نے بحری ٹرانسپورٹ کی بحالی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بحیرۂ خزر کی بندرگاہوں سے ہمسیایہ ملکوں کے ساتھ درآمدات اور برآمدات کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک جمہوریہ آذربائیجان کے ساتھ ریل، روڈ اور سمندری رابطے پوری طرح فعال ہیں۔