ایران میں کورونا کے دولاکھ سات ہزار مریض صحتیاب
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان نے ملک میں کورونا کے دولاکھ سات ہزار سے زیادہ مریضوں کےصحتیاب ہونے کی خبر دی ہے
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان سیما سادات لاری نے منگل کو کورونا کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دو ہزار چھے سو سینتیس کورونا کے نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا ہے جن میں سے ایک ہزار چار سو پچپن مریضوں کو ایڈمیٹ کیا گیا جبکہ باقی کو معالجے اور ضروری ہدایات کے بعد ان کےگھر بھیج دیا گیا۔
سیما سادات لاری نے کہا کہ ایران میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد دو لاکھ پینتالیس ہزار چھے سو اٹھاسی تک پہنچ گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے دو سو مریض اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ مرنے والوں کی مجموعی تعداد گیارہ ہزار نو سواکتیس تک پہنچ گئی ہے۔
دنیا میں کورونا مریضوں کی تعداد گیارہ ملین سات لاکھ چالیس ہزار سے زیادہ ہوچکی ہے جن میں سے تقریبا پانچ لاکھ چالیس ہزار اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں اور کم سے کم چھے ملین سات لاکھ چھتیس ہزار صحتیاب ہو کر اسپتالوں سے ڈسچارج ہو چکے ہیں۔