Jul ۱۷, ۲۰۲۰ ۱۷:۳۷ Asia/Tehran
  • افغانستان کی ترقی ایران کی ترقی ہے: عباس عراقچی

سیاسی امور میں ایران کے نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے سیکورٹی کے مشترکہ خطرات کے خلاف مہم کے لئے علاقائی یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ایران کے نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے دہشت گردی کے خطرات کا مشترکہ طور پر مقابلہ کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے سیاسی امور سید عباس عراقچی نے افغانستان کے اپنے دورے کے موقع پر ایران اور افغانستان کے تعلقات کے تناظر میں "مواقع اور چیلنجز" کے زیرِعنوان منعقدہ اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ایران اور افغانستان کے مابین اسٹریٹجک دستاویزات پر دستخط کا مطلب صرف دو دستاویزات پر دستخط کرنا نہیں بلکہ یہ ایک انتہائی اہم اقدام ہے۔

انہوں نے اس اقدام کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ افغانستان ایک خاص صورتحال سے روبرو ہے اور امن کے عمل کا آغاز ہو چکا ہے اور اس صورت حال میں باہمی تعاون کی دستاویزات پر دستخط کرنے کا مطلب یہ ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، افغانستان اور افغان حکومت کی قیادت میں امن کے عمل کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

سید عباس عراقچی نے جامع مشترکہ تعاون کے معاہدے میں دونوں ملکوں کے درمیان تمام شعبوں بشمول دفاعی، سیکیورٹی، معاشی، ثقافتی اور پناہ گزینوں کے امور میں تعاون پر خصوصی توجہ دیئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ تعاون کے اس جامع معاہدے کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کی تقویت ہے اور اس معاہدے کے فریم ورک کے تحت پانچ کمیٹیاں تشکیل دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلی کمیٹی واٹر کمیٹی ہے جو تیار کی گئی ہے اور دفاعی سلامتی کمیٹی اور اقتصادی کمیٹی ابھی زیر غور ہے۔

ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان کی ترقی اور پیشرفت در حقیقت ایران کی ترقی اور پیشرفت ہے اور یہ ترقی و پیشرفت امن و صلح کے سائے میں حاصل ہوگی، لہذا افغانستان کی پیشرفت کے لئے وہاں امن کا قیام اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کو آج امن کی اشد ضرورت ہے لہذا کسی ایک ملک میں بدامنی دیگر ممالک میں امن و استحکام کا سبب نہیں بن سکتی، لہذا امن کے قیام کے سلسلے میں باہمی اتحاد اور کوشش کی ضرورت ہے اور کسی بھی ملک کو کسی بھی صورت میں ایک دوسرے پر جارحیت نہیں کرنی چاہئے اورنہ ہی اپنی سرزمین کو ایک دوسرے کے خلاف استعمال ہونے دینا چاہئے۔

سید عباس عراقچی نے کہا کہ ایک دوسرے کے امور میں عدم مداخلت، عدم جارحیت، جارحیت کے لئے ایران اور افغانستان کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف اپنی زمینوں کے استعمال کی اجازت نہ دیئے جانے کے علاوہ دہشت گردی اور منشیات کے خلاف مشترکہ مہم ، دفاعی اور سیکورٹی کے شعبوں میں ایسے دو اہم اصول ہیں جن پر دونوں ملکوں کی جانب سے عمل کیا جانا ضروری ہے۔

قابل ذکر ہے کہ سیاسی امور میں ایران کے نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی افغان حکام سے مذاکرات و گفتگو کے لئے ایک اعلی سطحی سیاسی، سیکورٹی اور اقتصادی وفد کے ہمراہ بدھ کو کابل پہنچے تھے۔

 

 

دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!

Whatsapp invitation links

6: https://chat.whatsapp.com/DZdWBKZsv7v06U6c7eoOne

 

ٹیگس