ایران و عراق کے تعلقات کے فروغ پر تاکید
صدر روحانی نے ایران اور عراق کے مابین معاشی تعلقات اور تجارتی لین دین میں مزید اضافہ ہونے پر تاکید کی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے اپنے عراقی ہم منصب برہم صالح سے ٹیلی فونک رابطے کے دوران عراقی حکومت اور عوام کو عیدالاضحی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے باہمی تعلقات کے مزید فروغ سمیت دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے معاہدوں کے جلد از جلد نفاذ کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی ہونے سے ایران اور عراق کے عوام اور عہدیداروں کے درمیان پھر سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔
صدر روحانی نے عراقی وزیر اعظم کے حالیہ دورہ ایران کو مثبت او تعمیری قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ باہمی معاہدوں کا جلد از جلد نفاذ ہوگا اور دونوں ملکوں کے درمیان معاشی تعلقات اور تجارتی لین دین میں بھی مزید اضافہ ہوجائے گا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران عراق سے تمام شعبوں میں تعلقات کی توسیع سمیت کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے تجربات کے تبادلہ پر تیار ہے۔
در ایں اثنا عراق کے صدر برہم صالح نے ایرانی حکومت اور عوام کو عیدالاضحی کی مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ کورونا وائرس کی صورتحال میں علاقائی ممالک کے درمیان تعاون فروغ پائے۔
عراقی صدر نے تمام شعبوں میں اسلامی جمہوریہ ایران سے ہمہ جہتی تعاون کو عراقی حکومت کی خارجہ پالیسی کے اصولوں میں سے ایک قرار دے دیا۔
دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!
:Whatsapp invitation link