Aug ۰۲, ۲۰۲۰ ۱۶:۴۷ Asia/Tehran
  • صدر ایران کی افغان صدرسے ٹیلی فونی گفتگو

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران مختلف شعبوں میں افغانستان جیسے ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کا پختہ ارادہ رکھتا ہے۔

افغانستان کے صدر اشرف غنی کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے  ایران کے صدر حسن روحانی نے افغانستان میں قیام امن کو خطے کے لیے انتہائی اہم قرار دیا ۔ صدر نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران شروع ہی سے افغانستان کے عوام اور حکومت کے ساتھ  ہے اور امن و استحکام کے قیام کی کوششوں میں دائمی کردار ادا کر رہا ہے۔

 انہوں نے امید ظاہر کی ایران اور افغانستان کے درمیان تعاون کے جامع سمجھوتے کو جلد حتمی شکل دے دی جائے گی۔ صدر روحانی  نے کہا کہ آئندہ چند ماہ کے دوران نہ صرف  ایران اور افغانستان تعاون کے جامع سمجھوتے پر دستخط کردیئے جائیں گے بلکہ خواف اور ہرات کے درمیان بچھائی جانے والی ریلوے لائن کا بھی افتتاح کردیا جائے گا۔

 افغانستان کے صدر اشرف غنی نے بھی  اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے افغانستان کے عوام اور حکومت کے ساتھ تعاون کی قدردانی کرتے ہوئے افغان مہاجرین کی میزبانی اور تمام تر طبی اور تعلیمی سہولتوں کی فراہمی پر تہران کا شکریہ ادا کیا۔

افغان صدر اشرف غنی کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ افغانستان اور خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے اسلامی جمہوریہ ایران کی کوششیں کارگر ثابت ہوں گی۔

دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!

Whatsapp invitation link:

9: https://chat.whatsapp.com/FI0EhwfdLa0KpUhbFMXnfM

ٹیگس