ایران نے استقامت کی حکمت عملی کا انتخاب کیا ہے، وینڈی شرمن
امریکی وزیر خارجہ نے ایک بار پھر ایران کے خلاف اسلحہ جاتی پابندیوں کی مدت میں توسیع کی کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا ہے جبکہ امریکہ کی سابق نائب وزیر خارجہ نے وہائٹ ہاؤس کی ایران مخالف پالیسیوں کو غیر موثر قرار دیا ہے ۔
بارک اوباما کے دور صدارت میں امریکہ کی نائب وزیر خارجہ اور سینیئر ایٹمی مذاکرات کار وینڈی شرمن نے آسپین آنلائن سیکورٹی کانفرنس میں کہا ہے کہ ایران امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتا۔انھوں نے کہا کہ ایران نے امریکا کے مقابلے میں استقامت کی حکمت عملی اختیار کی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ایران کے مقابلے میں امریکا بدترین پوزیشن میں ہے ۔وینڈی شرمن نے امریکی وزارت خارجہ کے ایران سیل کے انچارج برایان ہک کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دو ہزار پندرہ میں ہونے والے جوہری معاہدے کے بعد اب ایسا کوئی ایٹمی معاہدہ نہیں ہے جس میں امریکا شریک ہو اور ایران نے زیادہ فیصد کی شرح میں یورینیم کو افزودہ کیا ہو۔
برایان ہک نے آسپین سیکورٹی اجلاس میں ایران کے بارے میں ایک بار پھر بے بنیاد دعؤوں کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو اقتصادی دباؤ اور مذاکرات میں سے کسی ایک راستے کا انتخاب کرنا ہو گا۔امریکی وزیر خارجہ مائیک پمپیؤ نے بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک بار پھر ایران کے خلاف ہتھیاروں کی پابندی کی مدت میں توسیع کی کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔انھوں نے کہا ہے کہ امریکہ، آئندہ ہفتے اس سلسلے میں اپنی قرارداد کا مسودہ سلامتی کونسل میں پیش کردے گا۔
دوسری جانب اقوام متحدہ میں روس کے نمائندہ دفتر نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ کی ایران مخالف قراداد کے بارے میں روس کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔
یاد رہے کہ اقوام متحدہ میں روس کے نمائندے ویسلی نبنزیا نے سلامتی کونسل کے تیس جون کے اجلاس میں خبردار کیا تھا کہ امریکہ کی ایران مخالف قرارداد کو اگر مستقبل میں ووٹنگ کے لئے پیش کیا گیا تو اسے منظوری نہیں ملے گی۔ایران کے خلاف اقوام متحدہ کی ہتھیاروں سے متعلق پابندی کے خاتمے کا وقت قریب آنے پر امریکی حکام اس پابندی کی مدت میں توسیع کے لئے کوشاں ہیں۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ روس اور چین نے، جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ویٹو کا حق بھی رکھتے ہیں، صراحت کے ساتھ اعلان کیا ہے کہ وہ ایران کے خلاف ہتھیاروں کی پابندی کی مدت میں توسیع سے متعلق امریکہ کے ہر اقدام کی مخالفت کریں گے۔
دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!
Whatsapp invitation link:10: https://chat.whatsapp.com/I1mQMKzFeYLJ75RCDasv4b