دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنادیں گے: صدر ایران
صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ان کی حکومت دوسرے مقتدر اداروں کے تعاون سے ملک دشمن عناصر کی تمام سازشوں کو ناکام بنادے گی۔
صدر ایران نے یہ بات اعلی اقتصادی رابطہ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں عدلیہ کے سربراہ اور پارلیمنٹ کے اسپیکر بھی شریک تھے۔ ڈاکٹر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ عوام کی معاشی اور اقتصادی مشکلات کو دور اور دشمن کی پابندیوں اور سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے انتظامیہ، مقننہ اور عدلیہ کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت، مقننہ اور عدلیہ کے تعاون سے عوام پر اقتصادی اور معاشی دباؤ کو کم کرنا چاہتی ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ دشمن پابندیوں اور دباؤ کے ساتھ ساتھ منفی پروپیگنڈے کے ذریعے ایرانی قوم میں مایوسی پیدا کرنے کی بھی کوشش کر رہا ہے تاہم باہمی اتحاد اور اندرونی گنجائشوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران مشکلات سے نکلنے میں کامیاب ہو جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ اعلی اقتصادی رابطہ کونسل کے اجلاس میں پیٹرولیم سیکٹر پر عائد کی جانے والی پابندیوں کے مقابلے اور زیر گردش سرمائے کو پیداوار کی سمت لے جانے کے بارے میں حکومت کی اقتصادی کمیٹی کے پیش کردہ منصوبے کا جائزہ بھی لیا گیا۔