Sep ۰۱, ۲۰۲۰ ۱۳:۳۲ Asia/Tehran
  • دوطرفہ تعلقات کے مزید استحکام پر ایران و پاکستان کا اتفاق

ایران کی پارلینمٹ کے اسپیکر اور پاکستان کی سینٹ کے چیر مین نے دوطرفہ سیاسی ، اقتصادی ، ثقافتی ، تجارتی اور پارلیمانی تعاون کے فروغ پر زور دیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے پاکستان کے ایوان بالا سینٹ کے چیئرمین محمد صادق سنجرانی سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران باہمی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔

محمد باقر قالیباف نے اس گفتگو میں دونوں ممالک کے مابین دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ  پاکستان ایک دوست اور ہمسایہ ملک کی حیثیت سے اسلامی جمہوریہ ایران کے لیے بہت  اہم ہے لہذا دونوں ممالک کے مابین تعلقات کا فروغ اہمیت کا حامل ہے۔

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے دونوں ممالک کے پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خوش قسمتی سے گیارہویں پارلیمنٹ میں ایران پاکستان پارلیمانی دوستی گروپ تشکیل دیا گیا ہے جو دوطرفہ مشاورت اور تعاون کے ساتھ ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی فورمز میں دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔

انہوں نے ایران اور پاکستان کے درمیان طویل اور مشترکہ سرحد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ متنوع سرحدی تعاون دونوں ممالک کی سرحدوں کی سلامتی کو بہتر بنانے پر خاص اثر ڈالے گا۔

محمد باقر قالیباف نے سیاسی، معاشی، ثقافتی، تجارتی اور پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے کے لئے ایران کی آمادگی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے صحت اور طبی شعبوں کے مابین تجربات کے تبادلے اور کورونا کے خلاف جنگ پر زور دیا۔

اس موقع پر پاکستانی سینیٹ کے چیرمین محمد صادق سنجرانی نے بھی دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی مشاورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی تنظیموں میں اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد اہم اثرات مرتب کرے گا۔

محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان کی ترجیحات میں سے ایک، پاکستان و ایران کے مابین سرحدی اور اقتصادی تعاون سمیت کثیر الجہتی تعلقات کی توسیع ہے۔

پاکستان کے سینیٹ کے اسپیکر نے کورونا کے خلاف جنگ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے اقدامات اور ان کے نفاذ کو بھی بہت اہم قرار دیا۔

ٹیگس