Sep ۰۲, ۲۰۲۰ ۱۷:۲۱ Asia/Tehran
  • امریکہ کی ایٹمی سمجھوتے سے استفادے کی کوشش مضحکہ خیز ہے ؛ صدر حسن روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ ایٹمی سمجھوتے سے نکل جانے کے باوجود امریکہ کی اس سمجھوتے کو استعمال کرنے کی کوششیں مضحکہ خیز ہیں۔

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کو کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایران پر دباؤ ڈالنے کے لئے امریکہ کے حالیہ اقدامات کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ اسلحہ جاتی پابندیوں کا خاتمہ کہ جو ایٹمی سمجھوتے کی ایک شق ہے امریکیوں کے لئے بہت بھاری پڑ رہا ہے لہذا وہ اس سلسلے میں ایک قرارداد پاس کرانا چاہتے تھے جس کی سلامتی کونسل کے تیرہ اراکین نے مخالفت کردی ۔

صدر حسن روحانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اس اجلاس کے بعد امریکہ اسنیپ بیک میکانیزم کو استعمال کرنا چاہتا تھا کہا کہ سیاست کی الف ب اور اشتراک عمل سے آشنا کوئی بھی شخص بخوبی جانتا ہے کہ جو کسی معاہدے سے نکل جاتا ہے وہ  اس سے حاصل مراعات سے استفادہ نہیں کر سکتا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ امریکہ آئندہ صدارتی انتخابات میں اپنی آبرو بچانے اور شبیہ بہتر بنانے کے لئے اس طرح کی نامناسب اور غلط باتیں کر رہا ہے ۔صدر حسن روحانی نے ویانا میں منگل کو ایٹمی سمجھوتے کے مشترکہ کمیشن کے اجلاس کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کمیشن کے اراکین نے کھل کر اعلان کردیا ہے کہ وہ ایٹمی سمجھوتے کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور امریکہ کو اس سمجھوتے سے ناجائز فائدہ اٹھانے کا حق نہیں ہے ۔اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے یاد دہانی کرائی کہ آج اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھی ایران کے موقف کے حوالے سے اتفاق رائے پایا جاتا ہے اور یہ بھی ایران کے لئے ایک بڑی کامیابی ہے ۔

ٹیگس