ایران میں کورونا کے تقریبا 3 لاکھ 27 ہزار مریضوں کی صحتیابی
ایران کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں کورونا کے اب تک تقریبا تین لاکھ ستائیس ہزار مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان سیما سادات لاری نے بدھ کے روز ایران میں کورونا کی صورت حال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے ایک ہزار آٹھ سو اٹھاون نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا جن میں سے ایک ہزار ایک سو چھتیس مریضوں کو اسپتالوں میں ایڈمٹ اور باقی کو ابتدائی معالجے اور ضروری ہدایات کے بعد گھروں کو واپس بھیج دیا گیا۔
سیما سادات لاری نے کہا کہ ایران میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد تین لاکھ اٹھہتر ہزار سات سو باون تک پہنچ گئی ہے جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ایک سو پچیس مریض جان کی بازی ہار گئے اور اب مرنے والوں کی مجموعی تعداد اکیس ہزار سات سو ستانوے ہو گئی ہے۔ایران کی وزارت صحت کی ترجمان نے بتایا کہ اب تک تین لاکھ چھبیس ہزار آٹھ سو ایک مریض کورونا کو شکست دینے میں کامیاب رہے ہیں اور اسپتالوں سے ڈسچارج ہو کر اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔