Sep ۰۶, ۲۰۲۰ ۲۱:۳۶ Asia/Tehran
  • ایران میں کورونا کے تقریبا 3 لاکھ 34 ہزار مریضوں کی صحتیابی

ایران کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ایران میں کورونا کے تقریبا تین لاکھ چونتیس ہزار مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

ایران کی وزارت صحت کی ترجمان سیما سادات لاری نے اتوار کے روز ایران میں کورونا کی صورت حال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے ایک ہزار نو سو بانوے نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا جن میں سے نو سو پانچ مریضوں کو اسپتالوں میں ایڈمٹ اور باقی کو ابتدائی معالجے اور ضروری ہدایات کے بعد گھروں کو واپس بھیج دیا گیا۔

سیما سادات لاری نے کہا کہ ایران میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد تین لاکھ چھیاسی ہزار چھے سو اٹھاون تک پہنچ گئی ہے جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ایک سو انتالیس مریض جان کی بازی ہار گئے اور اب مرنے والوں کی مجموعی تعداد بائیس ہزار دو سو ترانوے ہو گئی ہے۔

ایران کی وزارت صحت کی ترجمان نے بتایا کہ اب تک تین لاکھ تینتیس ہزار نو سو مریض کورونا کو شکست دینے میں کامیاب رہے ہیں اور اسپتالوں سے ڈسچارج ہو کر اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔

واضح رہے کہ  دنیا میں کورونا وائرس کا شکار ہونے والوں کی تعداد دو کروڑ ستر لاکھ ہو چکی ہے جن میں سے آٹھ لاکھ چوراسی ہزار کورونا مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ تقریبا دو کروڑ دیگر کورونا مریض صحتیاب ہو کر اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔

 

ٹیگس