ایران میں کورونا کے 3 لاکھ 37 ہزار سے زائد مریضوں کی صحتیابی
ایران کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ایران میں کورونا کے تین لاکھ سینتیس ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان سیما سادات لاری نے منگل کے روز بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے دو ہزار تین سو دو نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا جن میں سے ایک ہزار دو سو چھبیس مریضوں کو اسپتالوں میں ایڈمٹ اور باقی کو ابتدائی معالجے اور ضروری ہدایات کے بعد گھروں کو واپس بھیج دیا گیا۔سیما سادات لاری نے کہا کہ ایران میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد تین لاکھ اکیانوے ہزار ایک سو بارہ تک پہنچ گئی ہے جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ایک سو بتیس مریض جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد ملک میں کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد بائیس ہزار پانچ سو بیالیس ہو گئی ہے۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان نے بتایا کہ اب تک تین لاکھ سینتیس ہزار چار سو چودہ مریض کورونا کو شکست دینے میں کامیاب رہے ہیں اور اسپتالوں سے ڈسچارج ہو کر اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔
واضح رہے کہ دنیا میں کورونا وائرس کا شکار ہونے والوں کی تعداد دو کروڑ ستر لاکھ سے زائد ہو چکی ہے جن میں سے آٹھ لاکھ ستانوے ہزار کورونا مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ تقریبا دو کروڑ دیگر کورونا مریض صحتیاب ہو کر اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔