افغانستان میں دہشت گردانہ حملوں کی مذمت
اسلامی جمہوریہ ایران نے افغانستان کے نائب صدر کے قافلے پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادے کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بین الافغانی مذاکرات کے آغاز سے پہلے افغانستان کے نائب صدر پر کیا جانے والا دہشت گردانہ حملہ امن مخالفین کی کارروائی معلوم ہوتا ہے۔
کابل میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے کی جانب سے بھی افغانستان کے نائب صدر کے قافلے پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں امن و استحکام کے دشمن، بین الافغان مذاکرات سے قبل اپنے شرمناک اہداف اور خطرناک عزائم کو آگے بڑھانے میں مصروف ہیں۔ایران کے سفارت خانے کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی برداری کو چاہیے کہ وہ پوری ہوشیاری اور اتحاد سے کام لیتے ہوئے، افغانستان میں امن و استحکام کے دشمنوں کی سازش کو ناکام بنا دے۔
افغانستان کی وزارت داخلہ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق بدھ کے روز کابل میں ہونے دھماکے میں دس افراد ہلاک اور پندرہ افراد زخمی ہوگئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں افغانستان کے نائب صدر امراللہ صالح کے کئی ایک محافظ بھی شامل ہیں۔ امراللہ صالح اس حملے میں بال بال بچ گئے۔