Sep ۲۶, ۲۰۲۰ ۰۸:۲۷ Asia/Tehran
  • یورپ، انسانی حقوق کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کر رہا ہے: ایران

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے انسانی حقوق کونسل میں یورپی یونین کے مشترکہ بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یورپ، انسانی حقوق کو اپنے مفادات کیلئے سیاسی حربے کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔

یورپی یونین کے رکن ملکوں نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں ایک مخاصمانہ بیان جاری کر کے ایران پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا.

یورپی ملکوں کے اس دشمنانہ اقدام کا جواب دیتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے انسانی حقوق کونسل میں یورپی یونین کے مشترکہ بیان  کو ناقابل قبول قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دوہرا معیار ہے جس سے ان کے انسانی حقوق سے متعلق صداقت سے عاری اور سیاسی مقاصد کے حامل موقف کا بخوبی مشاہدہ کیا جا سکتا ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ  نے کہا کہ انسانی حقوق کا غلط استعمال کر کے ایران کے اندرونی امور میں مداخلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کوئی پہلی بار نہیں ہے کہ بعض یورپی ممالک اپنے اتحادی ملکوں کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سب سے زیادہ خلاف ورزی پر خاموش اور لاتعلق بنے ہوئے ہیں اور وہ یمن کے نہتے اور مظلوم عوام کے قتل عام کے لئے سعودی عرب اور علاقے کی دیگر آمر حکومتوں کو اربوں ڈالر کے ہتھیار فروخت کر کے ہتھیاروں کی فروخت میں  ایک دوسرے پرسبقت لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انسٹاگرام پر آپ ہمیں فالو کر سکتے ہیں

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بے بنیاد نقطہ نظر کے حامل یورپی ملکوں کے اس بیان کو فضول، غلط  اور ناقابل قبول  قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بیان انسانی حقوق کے احترام کے نقطۂ نظر کے بھی بالکل منافی ہے۔ انھوں نے کہا کہ یورپی ملکوں میں احتجاجی مظاہرین کی سرکوبی، سیاہ فام شہریوں کے قتل، اقلیتوں خاص طور سے مسلمانوں کے قتل، قیدیوں کی ایذا رسانی اور غیر ملکی تارکین وطن پر شدید دباؤ کو قانون کے عین مطابق سمجھا جاتا ہے جبکہ یہی امور اگر دیگر ملکوں پر انجام پاتے ہیں تو فورا انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے نعرے بلند کر دئے جاتے ہیں۔

ترجمان وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ مذہبی تعلیمات کے علاوہ ملکی قوانین اور بین الاقوامی معاہدوں کے بنا پر قومی، علاقائی و بین الاقوامی سطح پر انسانی حقوق کو فروغ دینا اسلامی جمہوریہ ایران کی ترجیحات میں شامل ہے اور عملی طور پر وہ خود اس کی پابندی بھی کر رہا ہے۔

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے بعض یورپی ملکوں کو جو یورپی یونین کے دائرے میں اپنے ارادے مسلط کرنے کے درپے رہتے ہیں، یہ مشورہ بھی دیا کہ وہ خود اپنے یہاں اور اسی طرح علاقائی اتحادیوں میں انسانی حقوق کی صورت حال کی بہتری کو اپنے ایجنڈے میں شامل کریں۔

انسانی حقوق کے یہ دعویدار ممالک ایسی حالت میں دیگر ملکوں پر الزام عائد یا ان کے خلاف بیان جاری کرتے ہیں کہ امریکہ جیسے ملکوں میں انسانی حقوق کے معاملے پر یورپی یونین کی کارکردگی کا کسی قیمت پر کوئی دفاع نہیں کیا جا سکتا، اس لئے کہ یورپ میں انسانی حقوق اور خاص طور سے عوامی مظاہرین کی بے دردی کے ساتھ سرکوبی کی تصاویر موجود ہیں جو یورپ میں انسانی حقوق کی صورت حال کو بخوبی بیان کرتی ہیں۔

یورپ میں انسانی حقوق کے مسئلے میں دوہرے معیار نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کو بھی بولنے پر مجبور کر دیا ہے۔ اس عالمی ادارے نے گزشتہ برس جاری کردہ اپنی ایک رپورٹ میں یورپی یونین پر تنقید کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یورپی یونین نے بعض ملکوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر چپی سادھ رکھی ہے۔

واضح رہے کہ یورپی یونین کے رکن ممالک نے کل بروز جمعہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں ایک خود غرضانہ بیان جاری کرتے ہوئے ایران  پرانسانی حقوق کی خلاف ورزی کا بے بنیاد الزام عائد کیا تھا۔

ٹیگس