ایرانی عوام امریکی محاصرے کو توڑ دیں گے: صدر روحانی
صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی نے امریکہ کو ایرانی قوم کے خلاف تمامتر جرائم کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے عوام امریکی محاصرے کو توڑ دیں گے۔
انسداد کورونا کی نیشنل کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر حسن روحانی نے کہا کہ امریکہ نے پچھلے دو سال کے دوران، غیر قانونی پابندیوں، غیر انسانی اقدامات اور دہشت گردانہ کارروائیوں کے ذریعے ایران کو کم سے کم ڈیڑھ سو ارب ڈالر کا نقصان پہنچایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ نے ایران کے لیے دواؤں اور غذائی اشیا کی سپلائی میں بھی رکاوٹیں کھڑی کرکے بدترین وحشیگری کا مظاہرہ کیا ہے۔
صدر روحانی کا کہنا کہ امریکہ نے کورونا وائرس کے پیش نظر ایران کی جانب سے دواؤں اور میڈیکل آلات کی خریدای کے لیے آئی ایم ایف میں پانچ ارب ڈالر کے قرضے کی درخواست کی مخالفت کی ہے۔
انہوں نے امریکی وزیر خارجہ کو وزیر جرائم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ شخص بڑی بے شرمی سے ایرانی قوم کے ساتھ دشمنی پر فخر کرتا دکھائی دیتا ہے۔
صدر ایران نے واضح کیا کہ ایران کے عوام امریکہ کے مجرمانہ اقدامات کے مقابلے میں تسلیم نہیں ہوں گے اور جس طرح چالیس سال قبل اس قوم نے صدام حکومت کے ہاتھوں آبادان کا محاصرہ توڑ دیا تھا، اسی طرح امریکی محاصرے کو بھی توڑ ڈالیں گے۔