۲ اکتوبر کو ایران میں کورونا کی صورتحال
ایران کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ایران میں کورونا کے تین لاکھ پچاسی ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان سیما سادات لاری نے جمعے کے روز ایران میں کورونا کی صورت حال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے تین ہزار پانچ سو باون نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا جن میں سے ایک ہزار چار سو تینتالیس مریضوں کو ایڈمٹ اور باقی کو ضروری ہدایات دے کر ان کے گھروں کو واپس بھیج دیا گیا۔
سیما سادات لاری کے مطابق کہ ایران میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد چار لاکھ چونسٹھ ہزار پانچ سو چھیانوے تک پہنچ گئی ہے جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ایک سو ستاسی مریض جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد چھبیس ہزار پانچ سو سڑسٹھ ہو گئی ہے۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان نے کہا کہ اب تک تین لاکھ پچاسی ہزار دو سو چونسٹھ مریض کورونا کو شکست دینے میں کامیاب رہے ہیں اور اسپتالوں سے ڈسچارج ہو کر اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔
واضح رہے کہ دنیا میں کورونا وائرس کا شکار ہونے والوں کی تعداد تین کروڑ پچاس لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے جن میں سے کم از کم دس لاکھ کورونا مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ دو کروڑ پچاس لاکھ سے زائد کورونا مریض صحتیاب ہو کر اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔
صرف امریکہ میں ستر لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ تقریبا دو لاکھ تیرہ ہزار کورونا مریضوں کی موت واقع ہو چکی ہے۔ اس طرح کورونا سے متاثر اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد کے لحاظ سے امریکہ دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔