Oct ۰۳, ۲۰۲۰ ۱۳:۰۳ Asia/Tehran
  • عالمی برادری جوہری ہتھیاروں کو تلف کرنے کیلئے اسرائیل پر دباؤ ڈالے: جواد ظریف

ایران کے وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو صہیونیوں کو این پی ٹی میں شامل ہونے اور جوہری ہتھیاروں کے بغیر بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے معائنے کو قبول کرنے پر مجبور کرنا ہوگا۔

’صیہونی حکومت جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے حوالے سے جھوٹ کا سہارا لیتی ہے اور امریکہ نے بھی جوہری معاہدے اور جوہری عدم پھیلاؤ معاہدے سے علیحدگی اختیار کر کے جوہری عدم پھیلاؤ معاہدے کو بڑا دھچکا لگایا ہے‘، یہ بات اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے جمعہ کے روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی نشست میں جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پرکہی۔

انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں دنیا کو مہلک ہتھیاروں سے پاک کرنے کے لئے جوہری عدم پھیلاؤ معاہدے کے جائزہ اجلاسوں کے لئے بار بار کی جانے والی درخواستوں اور ان کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کے لئے بین الاقوامی عدالت انصاف کی مشاورتی رائے کا حوالہ دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ جوہری طاقتوں کو واضح ٹائم ٹیبل میں اپنی واضح ذمہ داریوں کو پورا کرنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بد قسمتی سے امریکہ نہ صرف نئے جوہری ہتھیار تیار کرکے اپنے اسلحہ خانے کو اپ گریڈ اور مضبوط کر رہا ہے بلکہ دوسرے ممالک کو بھی دھمکیاں دے رہا ہے ۔

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ ناجائز صیہونی حکومت کی حمایت کرتا ہے جو مشرق وسطی کی واحد جوہری ہتھیار رکھنے والی حکومت ہے جس نے خفیہ طور پر خطے کے ممالک کو جوہری ہتھیاروں سے نابود کرنے کی دھمکی دی ہے۔

ٹیگس