قرہ باغ تنازعے کے فریقوں کو ایران کی سخت وارننگ، ہماری سرزمین پر کسی بھی طرح کا حملہ برداشت نہیں
وزارت خارجہ کے ترجمان نے آرمینیا اور آذربائيجان کی جانب سے ایران کی سرزمین پر کسی بھی قسم کی جارحیت کو ناقابل برداشت بتاتے ہوئے اس سلسلے میں تمام فریقوں کو سخت وارننگ دی ہے کہ وہ اس سلسلے میں ضروری تدابیر اختیار کریں۔
سعید خطیب زادہ نے سنیچر کے روز آذربائيجان اور آرمینیا کے درمیان حالیہ جھڑپوں کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران کی سرزمین پر ہونے والی بعض جارحیتوں کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ ہمارے سرحدی علاقوں میں ہر طرح کی نقل و حرکت پر پوری حساسیت کے ساتھ نظر رکھی جا رہی ہے اور ہم اس سلسلے میں تمام متحارب فریقوں کو وارننگ دیتے ہیں کہ کسی بھی فریق کی جانب سے ایران کی سرزمین پر کسی بھی طرح کا حملہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور انھیں اس سلسلے میں بہت زیادہ احتیاط سے کام لینا چاہیے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بار پھر آذربائيجان کی ارضی سالمیت کے احترام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے، غیر فوجی افراد پر حملہ نہ کیے جانے کے بنیادی اصول کی پابندی، جھڑپیں روکے جانے اور سنجیدہ مذاکرات شروع کیے جانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ان اہداف کے حصول میں مدد کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
یاد رہے کہ قرہ باغ کے علاقے میں آرمینیا اور آذربائيجان کے درمیان جاری جھڑپ کے دوران کئي راکٹ ایران کے سرحدی علاقوں میں بھی آ کر گرے ہیں تاہم ان سے کسی قسم کا کوئي جانی یا مالی نقصان نہیں پہنچا ہے۔