ایران اٹھارہ اکتوبر سے ہتھیاروں کی خرید و فروخت شروع کردے گا
اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندہ دفتر کے ترجمان نے کہا ہے کہ تہران ، اٹھارہ اکتوبر سے اسلحہ جاتی پابندیوں کے خاتمے کے بعد ہتھیاروں کی خرید و فروخت شروع کر دے گا-
ایسنا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندہ دفتر کے ترجمان میر یوسفی نے کہا کہ پوری طرح واضح ہے کہ اقوام متحدہ اور اس کے رکن ممالک کی اکثریت، ایران کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ کی امریکی پالیسی کے خلاف ہے۔ میر یوسفی نے کہا کہ ایٹمی سمجھوتے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس اکتیس کی مزید خلاف ورزی کی کوششوں نے امریکہ کو تنہا کردیا ہے۔
اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندہ دفتر کے ترجمان نے دیگر ممالک کے ساتھ اسلحہ جاتی مشارکت کے سلسلے میں کہا کہ ایران کے پاس بہت سے دوست اور تجارتی پارٹنر ہیں اور وہ مقامی طور پر بھی اسلحے کی مضبوط صنعت کا حامل ہے تاکہ بیرونی جنگ پسندوں کے مقابلے میں اپنے دفاع کی طرف سے مطمئن رہے۔ یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی قرارداد نمبر بائیس اکتیس کے مطابق اٹھارہ اکتوبر سے ایران پر عائد اسلحہ جاتی پابندیاں ختم ہو جائیں گی۔