ایران و پاکستان اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے آمادہ
ایران پاکستان سرحدی تجارتی کمیٹی کے اجلاس میں شریک ایرانی وفد کی سربراہ نے چابہار، میرجاوہ اور ریمدان میں پاکستانی کمپینوں کی سرمایہ کے لئے ایران کی آمادگی کا اعلان کیا ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق کوئٹہ میں ایران پاکستان سرحدی تجارتی کمیٹی کے دو روزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے صوبۂ سیستان و بلوچستان کی ڈپٹی گورنر ماندانا زنگنے نے کہا کہ چابہار، میر جاوہ اور ریمدان کے بارہ خصوصی اقتصادی زون پاکستانی سرمایہ کاروں کے لیے کھلے ہوئے ہیں۔
ماندانا زنگنے نے ایران اور پاکستان کے درمیان نئی خصوصی گزرگاہ ریمدان گبد ایک ماہ کے اندر اندر کھولے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ یکم نومبر سے میرجاوہ تفتان سرحد کے اوقات کار میں اضافہ کیا جائے جس کا پاکستان کی جانب سے خیر مقدم کیا گیا۔
ایران پاکستان سرحدی تجارتی کمیٹی کے اجلاس میں پاکستانی وفد کے سربراہ اور صوبائی کسٹم ڈائریکٹر عبد الوحید مروت نے اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان پائے جانے والے دیرینہ رشتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک سامان لانے والے ایرانی ٹرکوں کو کویٹہ اور پاکستان کے دیگر شہروں تک جانے کی اجازت دینے کو تیار ہے۔
انہوں نے زاہدان اور کویٹہ کے ایوانہائے تجارت کے درمیان مالی اور قانونی اختلافات کے حل کے لیے مشترکہ کمیٹی بنانے کی بھی تجویز پیش کی۔
کسٹم کے امور میں سہولیات کی فراہمی اور تجارتی تعلقات کے فروغ کے لئے ایران پاکستان سرحدی تجارتی کمیٹی کا آٹھواں اجلاس منگل کو پاکستان کے صوبے بلوچستان کے صدر مقام کوئٹہ میں شروع ہوا تھا۔
اس دوروزہ اجلاس میں کورونا کے حالات میں سرحدی سہولیات و مراعات میں اضافے، تجارت کے فروغ، کسٹم اقدامات میں آسانی اور تجارتی تعاون کی توسیع کے طریقوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ایرانی وفد کی قیادت صوبہ سیستان و بلوچستان کی ڈپٹی گورنر ماندانا زنگنہ اور پاکستانی وفد کی قیادت صوبۂ بلوچستان کے کسٹم امور کے سربراہ عبد الوحید مروت نے کی۔