اگر ہم کمزور حریف ہوتے تو امریکہ مہلت نہ دیتا: جنرل باقری
ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے ایک بار پھر کہا ہے کہ امریکہ جنگ شروع تو کر سکتا ہے لیکن ختم کرنا اس کے بس میں نہیں ہو گا۔
تہران میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایران کی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری کا کہنا تھا کہ امریکیوں کو اچھی طرح معلوم ہے کہ وہ جنگ شروع تو کر سکتے ہیں لیکن کا جنگ کا خاتمہ ان کے ہاتھ میں نہیں لہذا وہ پراکسی وار لڑ رہے ہیں تاکہ ان پر کوئی حرف نہ آئے۔
میجر جنرل محمد باقری نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج اس وقت دفاعی اور عسکری تیاری کے لحاظ سے بہترین پوزیشن میں ہیں اور دشمن کے دانت کھٹے کرنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات بارہا ثابت ہوچکی ہے کہ دشمن اپنے ہدف کو کمزور دیکھتا ہے تو اس پر جارحیت میں ذرہ برابر دیر نہیں لگاتا۔
ایران کی مسلح افواج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ جو طاقت یا سپرطاقت اس علاقے پر تسلط حاصل کر لے گی عالمی سطح پر اسی کی بالادستی تسلیم کی جائے گی۔
میجر جنرل محمد باقری نے ایرانی عوام کے خلاف امریکہ کی ظالمانہ پابندیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کا ہدف پوری طرح واضح ہے۔ وہ چاہتا ہے کہ ایرانی قوم امریکی ڈکٹیشن اور اس کی پالیسیوں کو قبول کرلے۔