ہمیں کوئی بھی گھٹنے ٹیکنے پر مجبور نہیں کر سکتا: وزیر پیٹرولیئم ایران
وزیر پیٹرولیم نے ایران کے خلاف امریکہ کی نئی پابندیوں پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئیٹ کیا کہ ایران کو کوئی بھی گھٹنے ٹیکنے پر مجبور نہیں کر سکتا اس لئے کہ ایران کا بیرون ملک کوئی سرمایہ نہیں ہے جو پابندیوں کی زد میں آ جائے۔
آئی آر آئی بی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر پیٹرولیم بیژن نامدار زنگنه نے اپنے ٹوئیٹ میں اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ دنیا میں ون مین شو کا دور اب ختم ہو گیا ہے، لکھا کہ میرے اور میرے دوستوں کے خلاف امریکہ کی نئی پابندیاں امریکہ کی جانب سے ایران کے تیل کی برآمدات کو صفر تک پہنچانے کی امریکی پالیسی کی ناکامی ہے۔
واضح رہے کہ پیر کے روز امریکہ کی وزارت خزانہ نے ایران کی وزارت پٹرولیم، اس سے منسلک اداروں، ایران کے وزیر پیٹرولیم بیژن نامدار زنگنه اور ایران کی وزارت پٹرولیم کی بعض دیگر شخصیات پر پابندیاں عائد کردیں۔ امریکی حکومت کا یہ اقدام 3 نومبر کو امریکہ میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں جیت حاصل کرنے کے لیے ٹرمپ کی انتخابی مہم کا حصہ سمجھا جا رہا ہے۔