مغرب، مسلمانوں کے امور میں مداخلت سے باز آجائے: صدر حسن روحانی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ مغربی ممالک ، یورپ اور فرانس کو مسلمانوں کے داخلی امور میں مداخلت سے باز آجانا چاہئے۔
صدر حسن روحانی نے بدھ کو کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک ، یورپ اور فرانس اگر سچ کہتے ہیں کہ وہ انسانی معاشرے میں امن و امان اور برادری و بھائی چارہ قائم کرنا چاہتے ہیں تو انھیں مسلمانوں کے داخلی امور میں مداخلت کا سلسلہ ترک کردینا چاہئے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ کسی پیغمبر کی توہین کرنا نہ صرف یہ کہ کوئی ہنر نہیں ہے بلکہ ایک ایسی غیرانسانی اور بری حرکت ہے جس سے تشدد کی ترغیب ہوتی ہے اور اربوں مسلمانوں اور غیرمسلموں کے جذبات بھڑکتے ہیں۔
صدر مملکت نے اس سلسلے میں توہین رسالت کا ارتکاب کرنے والوں سے مطالبہ کیا کہ وہ جلد سے جلد اپنی غلطی کی تلافی کرتے ہوئے عدل و انصاف ، اخلاق و اصول اور دیگر ادیان الہی کے عقائد کے احترام کی راہ پر واپس آجائیں۔
ایران کے صدر حسن روحانی نے مزید کہا کہ پیغمبر اسلام (ص) یورپ کی فرد فرد پر حق رکھتے ہیں اور مشرق و مغرب میں رہنے والے تمام انسانوں پر بھی حق رکھتے ہیں ۔ انھوں نے کہاکہ پیغمبر اسلام انسانیت کے معلم ہیں اور حیرت کی بات تو یہ ہے کہ جو ممالک آزادی ، حقوق اور قانون کی بات کرتے ہیں وہ عوام کو ایک دوسرے کی توہین اور ایسی شخصیات کی اہانت کرنے پر اکساتے ہیں جن سے لوگ دل کی گہرائیوں سے بےپناہ محبت کرتے ہیں ۔
صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ تمام مسائل اور دلوں میں پیدا ہونے والی کدورتیں ہر دور میں مسلمانوں کے امور میں مغرب کی بے جا مداخلتوں اور ظلم و ستم کا نتیجہ رہی ہیں ۔ایران کے صدر نے کہا کہ اس کی واضح مثال یمن کی صورت حال ہے جہاں کے غریب اورمسائل کا شکار عوام مغربی ممالک کے ان بموں اور جنگی طیاروں کے حملوں کا نشانہ بن رہے ہیں جو انھوں نے جارح ممالک کو دیئے ہیں۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے بعض مغربی ممالک کے حکام کے ناروا بیانات پر عالم اسلام کے بھرپور اور بروقت ردعمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس نہایت بروقت اور بھرپور ردعمل سے پتہ چلتا ہے کہ عالم اسلام ہمیشہ اپنے عظیم ہادی و رہبر پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی پیروی کرتا رہے گا۔
مسلم پروفیسروں کی عالمی یونین نے بھی ایک بیان جاری کر کے فرانس کے صدر کے حالیہ بیان اور چارلی ہیبڈو جریدے کے توہین آمیز کارٹوں کی اشاعت کی حمایت کی پرزور مذمت کی ہے ۔
فرانسیسی جریدے چارلی ہیبڈو نے ابھی حال ہی میں ایک بار پھر پیغمبر اسلام (ص) کی شان مبارک میں جسارت کرتے ہوئے توہین آمیز خاکے شائع کئے ہیں ۔ فرانسیسی صدر میکرون نے جمہوری اصولوں اور سفارتی آداب کے منافی بیان دیتے ہوئے اعلان کیا کہ فرانس ، پیغمبراسلام (ص) کے خلاف توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کا سلسلہ جاری رکھے گا۔