Nov ۰۵, ۲۰۲۰ ۱۵:۲۷ Asia/Tehran
  • ایران و ہندوستان کا پولیس ڈپلومیسی کو فروغ دینے پر زور

اسلامی جمہوریہ ایران کی انٹرپول کے سربراہ اور تہران میں ہندوستان کے سفیر نے دونوں ملکوں کے درمیان پولیس ڈپلومیسی کو فروغ دینے کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔

 اسلامی جمہوریہ ایران کی بین الاقوامی پولیس (انٹرپول) کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل ہادی شیرزاد نے تہران میں ہندوستان کے سفیر گڈم دھر میندرا سے ملاقات میں کہا کہ بین الاقوامی جرائم کی روک تھام کے لئے دونوں ملکوں کی پولیس کے درمیان تعاون کو فروغ دینا اور پولیس ڈپلومیسی کو مضبوط بنانا ضروری ہے اور یہ ایران انٹرپول کے پروگراموں میں شامل ہے۔

ایران کے انٹرپول کے سربراہ نے باہمی تجربات کے تبادلے ، ایران اور ہندوستان کی پولیس کی صلاحیتوں سے استفادے اور اعلی سطح پر وفود کے دوروں پر مشتمل تعاون کے فروغ کو ضروری قرار دیا۔ بریگیڈیئر جنرل شیرزاد نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران بین الاقوامی جرائم کے خلاف جدوجہد کا علمبردار ہے کہا کہ ایران ، بین الاقوامی جرائم کی روک تھام کے میدان میں اپنے تجربات ہندوستانی پولیس کو منتقل کرنے کے لئے تیار ہے۔

اس موقع پر تہران میں ہندوستان کے سفیر نے اسلامی جمہوریہ ایران کی پولیس کی صلاحیتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے دوطرفہ تربیتی پروگراموں کا خیرمقدم کیا اور اسلامی جمہوریہ ایران کی پولیس کے ساتھ تربیتی تعاون کے لئے ہندوستان کی آمادگی کا اعلان کیا ۔

ٹیگس