اقتدار میں آنے والے کسی بھی امریکی سے ایران کو کوئی دلچسپی نہیں
ایران کے نائب وزیر خارجہ نے امریکہ کے صدارتی انتخابات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو اقتدار میں ٹرمپ کے باقی رہنے پر کوئی تشویش یا بائیڈن کے اقتدار میں آنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔
سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکہ کے اقتدار میں جو بھی آئے اس کے بارے میں ایران کے موقف پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ایران اپنے مفادات کی بنیاد پر فیصلے کرتا ہے۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ نے امریکہ کے صدارتی انتخابات سے متعلق پیش آنے والے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں سب سے بڑی جمہوریت کا دعوی کرنے والے ملک کے دو امیدوار ایک دوسرے پر انتخابات میں دھاندلی اور بدعنوانی کے الزامات عائد کر رہے ہیں اور خود ہی انتخابات پر انگلی اٹھاتے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کے صدارتی انتخابات سے متعلق پیش آنے والے واقعات نے اس ملک کی جھوٹی جمہوریت کی قلئی کھول دی ہے۔
سید عباس عراقچی نے کہا کہ امریکی سماج دو حصوں میں بٹا ہوا ہے جن میں سخت مقابلہ جاری ہے اور وہ ایک دوسرے کو برداشت نہیں کر سکتے۔