حد سے زیادہ دباؤ آخری سانسیں لے رہا ہے: صدر روحانی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ زیادہ سے زیادہ دباؤ آخری سانسیں لے رہا ہے اور ملت ایران جلد ہی اپنی استقامت کا نتیجہ دیکھے گی۔
صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے وزارت صحت کے مختلف پروجیکٹوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج امریکہ اور دنیا کے دیگر ممالک میں ایسی علامتیں نظر آنے لگی ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ زیادہ سے زیادہ دباؤ کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا ہے اور وہ آخری سانسیں لے رہا ہے۔
ایران کے صدر نے ایک دن میں ڈیڑھ ہزار تعلیمی و تربیتی پروجیکٹوں کے افتتاح کو ثقافت اور تعلیم و تربیت پر حکومت کی توجہ کا غماز قرار دیا۔
صدر حسن روحانی نے میڈیکل اور حفظان صحت کے تین منصوبوں کے افتتاح کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران مومن و مخلص ڈاکٹروں اور ماہرین کی مدد سے آج طبی شعبے میں دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کا حصہ بن چکا ہے اور مختلف ممالک کے بیمار علاج کے لئے ایران آتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے جمعرات کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے پورے ملک میں وزارت تعلیم کے ایک ہزار پانچ سو پچاس قومی منصوبوں اور کرمان، قم اور مشہد میں وزارت صحت کے تین بڑے پروجیکٹوں کا افتتاح کیا۔