یکطرفہ پابندیاں اور اقدامات انسانیت کے خلاف ہیں : ایران
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے یکطرفہ پابندیوں اور اقدامات کی مذمت کی اور اسے انسانیت کے خلاف قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے کہا ہے کہ اسے برطرف کرنے کیلئے فوری اقدام کرے۔
’اب خودسرانہ اقدامات کا خاتمہ ہونا چاہئے‘ عنوان کے تحت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ایک خصوصی اجلاس بدھ کے روز منعقد ہوا۔
اس اجلاس میں اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب مجید تخت روانچی نے کہا ہے کہ خودسرانہ اقدامات اور پابندیوں سے، معیشت اور مالی ذرائع یہاں تک کہ خوراک اور دواؤں کے نظام اور سسٹم کو نقصان پہنچتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ پابندیوں سے بچے، سن رسیدہ بیمار اور غریب لوگ نشانہ بنتے ہیں اور غیر قانونی اور خودسرانہ پابندیوں کے بھیانک نتائج برآمد ہوتے رہے ہیں جو بعد میں انسانی المیے میں تبدیل ہو سکتے ہیں۔
مجید تخت روانچی نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور اس کا سدباب کرنے کے عمل پر پابندیوں کے منفی اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کے دور میں پابندیوں کا نفاذ خطرناک ترین عمل ہے اس لئے کہ اگر کوئی ایک ملک ہی محفوظ نہیں رہ سکے گا تو دوسرے ممالک بھی محفوظ نہیں رہ پائیں گے، کورونا کا قہر بدستور بڑھتا رہے گا اور نتیجے میں انسانی اموات کا سلسلہ بھی تیزی کے ساتھ جاری رہے گا۔
انہوں نے ایرانی عوام کے خلاف چالیس برس سے زائد عرصے سے چلی آرہیں غیر قانونی پابندیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو اس وقت ایسی شدید پابندیوں کا سامنا ہے کہ جن کا کسی بھی ملک کو سامنا نہیں کرنا پڑا ہے اور یہ پابندیاں ایران میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں رکاوٹ بنی ہوئی ہیں۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے اسی طرح شام کے موضوع پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ بعض ممالک شام کے خلاف یکطرفہ پابندیاں مسلط کر کے اس ملک کا بحران کو جاری رکھنے اور شامی عوام پر اپنی مرضی مسلط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں کہ جب شامی عوام کو بحران، بدامنی اور کورونا کا سامنا ہے، امریکہ کی یکطرفہ پابندیاں شامی عوام کے مسائل و مشکلات میں مزید اضافے کا باعث بنی ہوئی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: امریکہ اور ترکی دہشتگردوں کی حمایت کر رہے ہیں: شام
مجید تخت روانچی نے کہا کہ امریکی فوجی دہشت گردوں کے خلاف مہم کے بہانے شام کے بعض علاقوں پر قبضہ کر کے جبہت النصرہ جیسے دہشت گرد گروہوں کی حمایت کر رہے ہیں اور وہ شام کا تیل اور اس ملک کے عوام کی ثروت و دولت کی لوٹ مار میں مصروف ہیں۔
مجید تخت روانچی نے شام کے اقتدار اعلی کے احترام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس ملک سے، ان تمام غیر ملکی فوجیوں کے انخلا کا مطالبہ کیا جو دمشق حکومت کی اجازت کے بغیر شام میں موجود ہیں۔