خود سرانہ پابندیوں کی مذمت میں بیان
اقوام متحدہ کے سولہ رکن ملکوں نے ایک بیان میں یکطرفہ پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے، کہ جن سے کورونا کے خلاف مہم پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں، تمام ملکوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خود سرانہ اقدامات سے گریز کریں۔
ویانا میں بین الاقوامی تنظیموں کے ہیڈکوارٹر میں ایران کے مستقل مندوب کاظم غریب آبادی نے ایران، کیوبا اور وینزوئیلا کی کوششوں سے منعقد ہونے والے "کورونا کے دور میں خودسرانہ اقدامات" کے زیرعنوان آنلائن سیمینار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سیمینار میں سولہ ملکوں کے سفیروں اور نمائندوں اور اسی طرح یکطرفہ خودسرانہ اقدامات اور انسانی حقوق پر اس کے مرتب ہونے والے اثرات سے متعلق خصوصی رپورٹر اور اقوام متحدہ کے جنوب - جنوب تعاون کے مرکز کے سربراہ نے تقریر کی۔
کاظم غریب آبادی نے سیمینار سے اپنے خطاب میں امریکہ کے یکطرفہ اور خودسرانہ اقدامات اور پابندیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے خاص طور سے کورونا وبا کے دور میں ان کے فوری خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔اس سیمینار کے اختتام پر سولہ ملکوں منجملہ اسلامی جمہوریہ ایران، روس، چین اور پاکستان کے نمائندوں نے ایک مشترکہ بیان میں کورونا وبا کے خلاف مہم میں ایک مضبوط ہتھیار کی حیثیت سے عالمی یکجہتی اور بین الاقوامی تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور تاکید کی کہ تمام ملکوں کو چاہئے کہ ایسے خود سرانہ اقدامات سے گریز کریں کہ جن سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔